اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی سطح پر خام تیل کے نرخ بڑھنے کے نتیجے میں عوام کو درپیش اضافی مالی دباؤ کا نوٹس لیتے ہوئے
پیٹرول پر خصوصی ریلیف دینے کے لیے نئی اسکیم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور موجودہ مشکل صورتحال میں انہیں اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔ ان کے مطابق پیٹرول مہنگا ہونے کے اثرات کو کم کرنے کے لیے چھوٹی گاڑیوں اور دو و تین پہیوں والی سواریوں کے صارفین کو خصوصی سہولت فراہم کی جائے گی۔
اعلان کردہ اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑی استعمال کرنے والوں کو پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق موٹرسائیکل، رکشہ اور دیگر دو و تین پہیوں والی سواریوں کے لیے ہر ماہ زیادہ سے زیادہ 20 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے رعایت دی جائے گی۔ اسی طرح 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے مطابق اسلام آباد میں اس سہولت کا آغاز پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا، جبکہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں اسکیم بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے نافذ کی جائے گی۔
شہباز شریف نے بتایا کہ ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا سلسلہ بھی آج سے شروع کردیا گیا ہے۔ عوام کو رجسٹریشن کے طریقہ کار اور دیگر ضروری معلومات سے متعلق آگاہی مہم کے ذریعے تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعظم نے موٹرسائیکلوں، رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں سے متعلق ڈیٹا فراہم کرنے کے ساتھ رجسٹریشن کے عمل میں تعاون کرنے پر صوبائی حکومتوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔



















































