اسلام آباد (نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی (کے پی آر اے) نے ٹیکس دہندگان اور کاروباری افراد کی سہولت کے لیے نئی موبائل ایپلی کیشن متعارف کرا دی ہے۔
’’کیپرا سہولت ایپ‘‘ کے ذریعے شہری سیلز ٹیکس سے متعلق متعدد خدمات آن لائن حاصل کرنے کے ساتھ مختلف ٹیکس معاملات کی معلومات بھی ڈیجیٹل طور پر حاصل کرسکیں گے۔
کے پی آر اے حکام کے مطابق نئی ایپ کا بنیادی مقصد ٹیکس نظام کو مزید شفاف بنانا اور عوام، کاروباری طبقے اور ٹیکس دہندگان کو خدمات تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔
ڈی جی کے پی آر اے نے بتایا کہ موبائل ایپ گوگل پلے اسٹور سے مفت ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے، جبکہ آئی فون صارفین کے لیے آئی او ایس ورژن بھی جلد ایپل ایپ اسٹور پر دستیاب کیے جانے کی توقع ہے۔
حکام کے مطابق اس ایپ کی تیاری کے لیے کسی بیرونی کمپنی یا ادارے کی خدمات حاصل نہیں کی گئیں بلکہ اسے کے پی آر اے کی اپنی آئی سی ٹی ٹیم نے تیار کیا ہے۔ شہری اس پلیٹ فارم کے ذریعے خریداری اور مختلف سروسز سے متعلق ٹیکس رسیدوں کی جانچ بھی کرسکیں گے۔
ایپ میں کیو آر کوڈ اسکین کرکے رسید کی فوری تصدیق کی سہولت بھی شامل کی گئی ہے۔ صارفین ریسٹورنٹس یا دیگر سروس فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری کردہ بل پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کرکے رسید کی درستگی معلوم کرسکتے ہیں۔ کسی رسید کے مشکوک یا غیر تصدیق شدہ ہونے کی صورت میں اسی ایپ کے ذریعے شکایت یا رپورٹ بھی درج کرائی جاسکے گی۔
اس کے علاوہ شہری این ٹی این کے ذریعے رجسٹرڈ کاروباری اداروں اور کمپنیوں کی تفصیلات کی تصدیق کرسکیں گے۔ ایپ پر درج کی جانے والی شکایات اور صارفین کے تحفظات پر ہونے والی پیش رفت بھی آن لائن مانیٹر کی جاسکے گی۔
کے پی آر اے کے مطابق نئی ڈیجیٹل سہولت سے ٹیکس دہندگان اور کاروباری افراد کو روایتی طریقہ کار کے بجائے جدید آن لائن ذرائع استعمال کرنے میں آسانی ہوگی، جبکہ اس اقدام سے ٹیکس نظام میں شفافیت، عوامی اعتماد اور خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔



















































