اسلام آباد (نیوز ڈیسک)امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایرانی ریال کی قدر میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے،
جس کے بعد ایران کی بلیک مارکیٹ میں ایک ڈالر کی قیمت 23 لاکھ ریال کی سطح عبور کرگئی۔اعداد و شمار کے مطابق پاکستانی روپے سمیت اہم عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں بھی ایرانی ریال کی قدر کم ہوئی ہے۔ تاہم پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں ایرانی کرنسی کی خرید و فروخت اب بھی جاری ہے۔ایرانی مرکزی بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 100 پاکستانی روپے کے عوض 5 لاکھ 85 ہزار 842 ایرانی ریال حاصل کیے جاسکتے ہیں، جبکہ گزشتہ روز یہی رقم 5 لاکھ 83 ہزار 516 ریال کے برابر تھی۔ اس حساب سے ایک پاکستانی روپیہ تقریباً 5 ہزار 858 ایرانی ریال کے مساوی ہے۔دوسری جانب ایک امریکی ڈالر کی قدر 16 لاکھ 19 ہزار 512 ریال سے بڑھ کر 16 لاکھ 24 ہزار 371 ریال ہوگئی۔ ایران کی بلیک مارکیٹ میں ڈالر مزید مہنگا ہوکر 22 لاکھ 80 ہزار سے 23 لاکھ 10 ہزار ریال تک پہنچ گیا، جبکہ یورو کی قیمت تقریباً 26 لاکھ 50 ہزار سے 26 لاکھ 80 ہزار ریال کے درمیان رہی۔مرکزی بینک کے اعداد و شمار میں دیگر بڑی کرنسیوں کی قیمتوں میں بھی ایرانی ریال کے مقابلے میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ایک یورو 18 لاکھ 88 ہزار 746 ریال، برطانوی پاؤنڈ 21 لاکھ 99 ہزار 693 ریال، سوئس فرانک 20 لاکھ 7 ہزار 759 ریال، اماراتی درہم 4 لاکھ 42 ہزار 307 ریال اور سعودی ریال 4 لاکھ 33 ہزار 166 ریال کا ہوگیا۔اسی طرح ترک لیرا 33 ہزار 527 ریال، بھارتی روپیہ 17 ہزار 132 ریال اور چینی یوآن 2 لاکھ 56 ہزار 573 ایرانی ریال کے برابر ہوگیا۔ ایرانی مرکزی بینک کی نگرانی میں آنے والی 45 کرنسیوں میں سے 42 کی قدر ریال کے مقابلے میں بڑھ گئی۔پاکستانی اوپن مارکیٹ میں ایرانی ریال کی لین دین کا سلسلہ برقرار ہے، تاہم گزشتہ چند ہفتوں میں اس کی طلب میں کچھ کمی دیکھی گئی ہے۔ ایک کروڑ ایرانی ریال کا پیکٹ اس وقت تقریباً 5 سے 6 ہزار پاکستانی روپے میں خریدا اور فروخت کیا جارہا ہے، جبکہ اپریل میں یہی پیکٹ 8 سے 10 ہزار روپے تک میں دستیاب تھا۔رپورٹ کے مطابق پاکستانی اوپن مارکیٹ میں ایرانی ریال کا موجودہ نرخ اب بھی ایرانی مرکزی بینک کی جانب سے مقرر کردہ سرکاری شرح سے زیادہ ہے۔



















































