اسلام آباد (نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوان سبحان اللہ نے محدود وسائل کے باوجود اپنی مسلسل محنت اور شوق کو عملی شکل دیتے ہوئے 6 سال میں اپنی مدد آپ کے تحت ایک جہاز تیار کرلیا۔
سبحان اللہ کی اس منفرد کاوش نے مقامی سطح پر لوگوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ نوجوان کا کہنا ہے کہ اسے بچپن ہی سے مشینوں اور جہاز بنانے کا شوق تھا، اسی دلچسپی کے باعث اس نے کم عمری میں موٹر سائیکل مکینک کا کام سیکھا اور بعد میں مختلف مشینری اور آلات کے بارے میں تجربہ حاصل کرتا رہا۔نوجوان کے مطابق جہاز کی تیاری کے لیے درکار پرزہ جات اور دیگر سامان حاصل کرنے کی غرض سے اسے لاہور، تیمرگرہ، پشاور اور دیگر شہروں کے کئی دورے کرنا پڑے۔سبحان اللہ نے بتایا کہ اگر اسے حکومت کی جانب سے مناسب تعاون اور سہولیات فراہم کی جائیں تو وہ مستقبل میں اس سے بھی بڑے اور جدید منصوبوں پر کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس کا کہنا ہے کہ پہلے جہاز کی تیاری کے تجربے کے بعد اب وہ اسی نوعیت کا ایک اور جہاز تقریباً ایک ہفتے میں تیار کرسکتا ہے۔اس کامیابی کے سفر میں نوجوان کے اہل خانہ نے بھی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور اس کا ساتھ دیا۔حکام کی جانب سے 6 ستمبر کو باجوڑ اسپورٹس کمپلیکس میں جہاز کا آزمائشی مظاہرہ کرنے کے بعد اڑان کی اجازت دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔سبحان اللہ کا تعلق باجوڑ کے ایک محنت کش خاندان سے ہے۔ اس کا خاندان سیزن کے دوران پنجاب کا رخ کرتا ہے، جہاں چپل فروخت کرکے روزگار حاصل کرتا ہے۔



















































