اسلام آباد (نیوز ڈ ٰیسک)ایپل کے نئے فلیگ شپ اسمارٹ فونز کا انتظار کرنے والے صارفین کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
مختلف رپورٹس میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ کمپنی آئی فون 18 سیریز کے بعض ماڈلز کی قیمتوں میں اضافہ کرسکتی ہے، بالخصوص پرو ماڈلز مہنگے ہونے کی توقع ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نئے آئی فونز کی قیمت بڑھنے کی ایک بڑی وجہ میموری اور دیگر ضروری چپس کی لاگت میں اضافہ بتایا جا رہا ہے۔ اسمارٹ فون مارکیٹ میں کچھ دیگر بڑی کمپنیاں بھی اپنے مہنگے فونز کی قیمتوں میں تقریباً 100 ڈالر تک اضافہ کرچکی ہیں۔رپورٹس کے مطابق اگر ایپل بھی قیمت میں 100 ڈالر کا اضافہ کرتا ہے تو آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1199 ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔ اس کے مقابلے میں آئی فون 17 پرو کی ابتدائی قیمت 1099 ڈالر تھی، یعنی ممکنہ طور پر نئی قیمت میں تقریباً 9 فیصد اضافہ ہوگا۔اسی طرح آئی فون 18 پرو میکس کی قیمت بھی بڑھنے کا امکان ہے اور اس کی ابتدائی قیمت 1299 ڈالر مقرر کیے جانے کی قیاس آرائیاں سامنے آئی ہیں۔
ایپل ماضی میں اپنے بنیادی آئی فون ماڈلز کی قیمتوں کو بڑی حد تک مستحکم رکھنے کی پالیسی پر عمل کرتا رہا ہے، تاہم زیادہ اسٹوریج یا بہتر خصوصیات والے ماڈلز کی وجہ سے صارفین کو مختلف قیمتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔دوسری جانب رپورٹس میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ایپل رواں سال پرو سیریز کے ساتھ عام آئی فون 18 اور آئی فون 18 ایئر کو مارکیٹ میں نہیں لائے گا۔ لیکس کے مطابق دونوں ماڈلز کی رونمائی 2027 کے آغاز میں کیے جانے کا امکان ہے۔تاہم آئی فون 18 سیریز کی قیمتوں سے متعلق یہ تمام معلومات فی الحال اندازوں اور رپورٹس پر مبنی ہیں۔ حتمی قیمتوں کا اعلان ایپل اپنے باضابطہ لانچ کے وقت ہی کرے گا۔



















































