اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ایکسپریس وے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے موٹروے طرز کی شاہراہ بنانے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی، سفر کا دورانیہ کم ہوگا اور شہریوں کو محفوظ اور معیاری سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
محسن نقوی نے اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ منصوبے کا جائزہ لینے کے لیے موقع کا دورہ کیا، جہاں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے حکام نے انہیں تعمیراتی کام اور منصوبے کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سروس روڈ انڈر پاس مکمل ہونے کے بعد دیہی علاقوں سے آنے والی ٹریفک کے لیے آمدورفت آسان ہو جائے گی، جبکہ مرکزی ایکسپریس وے پر ٹریفک کا دباؤ بھی نمایاں حد تک کم ہوگا۔
دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ منصوبے پر کام شروع کرنے سے قبل راستے میں حائل تجاوزات کو ختم کیا گیا تاکہ تعمیراتی سرگرمیاں بغیر رکاوٹ جاری رہ سکیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ منصوبہ مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی، اگرچہ اس کی تکمیل کے لیے تقریباً ایک سال کا وقت مختص کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت تقریباً 9 کلومیٹر طویل سروس روڈ تعمیر کی جائے گی، جبکہ فیصل مسجد اور کشمیر چوک پر جدید فلائی اوورز بھی تعمیر ہوں گے، جن سے شہر میں ٹریفک کا بہاؤ مزید بہتر ہوگا۔
محسن نقوی کے مطابق ایکسپریس وے کو جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم، کشادہ سروس روڈز اور بہتر انفراسٹرکچر سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ اسے موٹروے کے معیار کے مطابق ڈھالا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے شہریوں کو زیادہ محفوظ، تیز اور آرام دہ سفری سہولتیں فراہم ہوں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ سی-14 سیکٹر کا ترقیاتی کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ دیگر نئے سیکٹرز پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت کی مستقبل کی آبی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے شاہدرہ اور دوتارہ ڈیمز کی تعمیر پر بھی عملی پیش رفت جاری ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اسلام آباد کو ایک جدید، منظم اور ماحول دوست دارالحکومت بنانے کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے، تاکہ شہریوں کو بہتر ٹرانسپورٹ، معیاری شہری سہولیات اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔



















































