اسلام آباد(این این آئی) جرمنی نے اعلی تعلیم کیلئے مکمل فنڈڈ سکالر شپ کا اعلان کردیاگیا، پاکستانی طلبہ 31اگست تک درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جرمن اکیڈمک ایکسچینج سروس نے سال 2027ء کیلئے پی ایچ ڈی اور ڈاکٹریٹ سکالر شپس کی باقاعدہ رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ جرمن وفاقی وزارتِ خارجہ کے تعاون سے فراہم کی جانیوالی یہ سکالرشپ بین الاقوامی اور پاکستانی طلبہ کو جرمنی کی تسلیم شدہ یونیورسٹیوں اور تحقیقی اداروں سے مکمل فنڈڈ پی ایچ ڈی کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔کامیاب امیدواروں کو مکمل تعلیمی اخراجات کیساتھ مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی جس میں ماہانہ 1,400یورو وظیفہ ، انشورنس، صحت، حادثاتی اور پرسنل لائبلٹی انشورنس ، 460یورو سالانہ الائونس اور سفری اخراجات کی مد میں رقم شامل ہیں،دیگر سہولیات میں جرمن زبان سیکھنے کی فیس، رہائش کی سبسڈی اور خاندانی الائونسز بھی شامل ہیں۔
درخواست دہندگان کے پاس ماسٹرز یا اس کے مساوی اعلی تعلیمی ڈگری کا ہونا ضروری ہے (غیر معمولی کیسز میں بیچلرز ہولڈرز بھی اہل ہو سکتے ہیں)۔مزید برآں، امیدوار کی جرمنی میں رہائش درخواست کی آخری تاریخ تک 15 ماہ سے زیادہ نہ ہو اور اس کے پاس اپنی تحقیق کی منظوری اور زبان کی مہارت کا ثبوت ہو۔امیدواروں کو کے آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن کے بعد ریسرچ پروپوزل، تعلیمی اسناد، سی وی ، موٹیویشن لیٹر اور سفارش نامے اپ لوڈ کرنا ہوں گے۔پاکستان کیلئے آخری تاریخ 31اگست 2026ء جبکہ دیگر ممالک کیلئے آخری تاریخ 21اکتوبر 2026ء رکھی گئی ہے۔ڈی اے اے ڈی انتظامیہ نے پاکستانی طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ طے شدہ آخری تاریخ 31اگست سے قبل اپنی آن لائن درخواستیں مکمل جمع کروائیں۔



















































