اسلام آباد (نیوز ڈیسک)حکومت سندھ نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں ہفتے کی تعطیل دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نئے فیصلے کے تحت اب تعلیمی اداروں میں ہفتہ وار تدریسی سرگرمیاں پیر سے جمعہ تک محدود رہیں گی۔
رپورٹس کے مطابق پانچ روزہ تعلیمی ہفتہ نافذ کرنے کے ساتھ روزانہ کے تدریسی اوقات میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا جائے گا تاکہ نصاب کی تکمیل اور تعلیمی معیار پر کوئی منفی اثر نہ پڑے۔
محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ حکومتی کفایت شعاری پالیسی اور دستیاب وسائل کے بہتر استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ اس نئی پالیسی کا اطلاق صوبے کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں پر یکساں طور پر ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ سندھ کے سرکاری اسکول ہفتے کے روز بھی معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، تاہم اب حکومت نے نئی پالیسی کے تحت ہفتے کی تعطیل بحال کرنے کا باضابطہ فیصلہ کر لیا ہے۔



















































