لاہور (این این آئی) ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے شہر بھر کے تمام نجی تعلیمی اداروں کو 22اگست 2026ء تک موسمِ گرما کی تعطیلات پر
سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایجوکیشن اتھارٹی کے مطابق پرائیویٹ تعلیمی ادارے احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں،خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، جس میں سکول کی رجسٹریشن معطل یا منسوخ کرنے کے ساتھ بھاری جرمانے بھی عائد کیے جا سکتے ہیں۔اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ خلاف ورزی کے ذمہ دار افراد کے خلاف مزید قانونی اور انتظامی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے علاوہ ضرورت پڑنے پر متعلقہ سکول کو سیل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو سفارش سمیت دیگر قانونی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے تمام نجی تعلیمی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ موسمِ گرما کی تعطیلات سے متعلق جاری کردہ حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔



















































