اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) متحدہ عرب امارات میں روزگار حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کے لیے ورک ویزا کے ضوابط میں اہم تبدیلی کر دی گئی ہے۔
نئی پالیسی کے مطابق اب ہر درخواست گزار کو ویزا کے لیے پولیس کریکٹر (گڈ کنڈکٹ) سرٹیفکیٹ جمع کرانا لازمی ہوگا۔بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے یہ نئی شرط پاکستانی شہریوں پر نافذ کر دی ہے، جبکہ اس پر 20 جولائی سے باقاعدہ عملدرآمد بھی شروع ہو چکا ہے۔جاری کردہ ہدایات میں بتایا گیا ہے کہ یو اے ای میں ملازمت کے لیے درخواست دینے والے افراد سب سے پہلے پاکستان کی متعلقہ اتھارٹی سے گڈ کنڈکٹ یا پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کریں،
جس کے بعد اس دستاویز کی پاکستان میں قائم متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے سے تصدیق بھی کرانا ضروری ہوگی۔بیورو آف امیگریشن نے بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کو مشورہ دیا ہے کہ ویزا درخواست جمع کرانے سے قبل تمام مطلوبہ دستاویزات، خصوصاً پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ، مکمل کر لیں تاکہ ویزا کے اجرا کے دوران کسی قسم کی تاخیر یا دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



















































