اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد متعلقہ اداروں کو اہم ہدایات جاری کر دی ہیں،
جس کے نتیجے میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کی توقع پیدا ہو گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے مثبت اثرات معیشت پر ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں، اور دو ہفتوں کے اس وقفے کے دوران عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان سامنے آیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں یہ کمی برقرار رہی تو پاکستان میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ممکن ہے، جس سے عوام کو خاطر خواہ ریلیف مل سکتا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق خام تیل کی عالمی قیمتوں میں تقریباً 16 فیصد تک کمی ریکارڈ کی جا چکی ہے، جبکہ ابتدائی تجاویز میں فی لیٹر 30 سے 60 روپے تک کمی زیر غور ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ آئندہ دو روز تک عرب خام تیل کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔وزیراعظم نے وزارت خزانہ اور وزارت پیٹرولیم سمیت متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ عالمی سطح پر ہونے والی کمی کا فائدہ براہِ راست عوام تک پہنچایا جائے۔
اس مقصد کے لیے مختلف تجاویز پر غور جاری ہے اور امکان ہے کہ اس حوالے سے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس بھی طلب کیا جائے۔ذرائع کے مطابق حکومت ٹرانسپورٹ سمیت دیگر شعبوں میں بھی عوامی سہولت کے لیے اقدامات پر غور کر رہی ہے، جن میں کرایوں کو قابو میں رکھنا اور مال برداری کے اخراجات کم کرنا شامل ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث ماضی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، تاہم اب حالات بہتر ہو رہے ہیں اور امید ہے کہ اس بہتری کا فائدہ عوام کو جلد ملے گا۔



















































