اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عمان نے عیدالفطر کے موقع پر سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کے لیے تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق ملک میں عید کی چھٹیاں 19 مارچ سے شروع ہو کر 23 مارچ 2026 تک جاری رہیں گی۔سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقررہ تعطیلات کے بعد تمام سرکاری و نجی دفاتر میں کام کا آغاز 24 مارچ سے دوبارہ ہوگا۔ عیدالفطر رمضان المبارک کے اختتام کی خوشی میں منائی جاتی ہے اور اس دن مسلمان خصوصی نماز ادا کرتے ہیں، رشتہ داروں اور دوستوں سے ملاقات کرتے ہیں، صدقہ و خیرات کرتے ہیں اور روایتی کھانوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔فلکیاتی اندازوں کے مطابق اس سال کئی ممالک میں رمضان المبارک کے 30 روزے مکمل ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے باعث عیدالفطر جمعہ 20 مارچ کو ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔
تاہم اس کا حتمی اعلان چاند نظر آنے کے بعد کیا جائے گا۔پاکستان میں بھی شوال کے چاند سے متعلق تازہ فلکیاتی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ سپارکو کے مطابق شوال 1447 ہجری کا چاند 19 مارچ کی صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہوگا۔ اس روز غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 12 گھنٹے 41 منٹ ہوگی۔فلکیاتی ماہرین کے مطابق ساحلی علاقوں میں سورج اور چاند کے غروب ہونے کے درمیان تقریباً 28 منٹ کا فرق متوقع ہے، تاہم 19 مارچ کی شام چاند دیکھے جانے کے امکانات کم بتائے جا رہے ہیں۔ سپارکو کا کہنا ہے کہ موجودہ اندازوں کے مطابق پاکستان میں یکم شوال ہفتہ 21 مارچ 2026 کو ہونے کا امکان ہے، تاہم حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔دوسری جانب سعودی عرب کی وزارت افرادی قوت نے نجی اور غیر منافع بخش اداروں کے لیے عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری ترجمان محمد الرزقی کے مطابق ان اداروں میں چار روزہ چھٹیاں دی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ تعطیلات کا آغاز بدھ 18 مارچ کو 29 رمضان کے اختتام پر ہوگا اور یہ چار دن تک جاری رہیں گی۔بین الاقوامی فلکیاتی مرکز کے مطابق جن ممالک میں رمضان کا آغاز 18 فروری کو ہوا تھا وہاں 18 مارچ کو شوال کا چاند تلاش کیا جائے گا، جبکہ وہ ممالک جہاں پہلا روزہ 19 فروری کو رکھا گیا تھا وہاں 19 مارچ کو چاند دیکھنے کی کوشش کی جائے گی۔
مرکز کے مطابق 18 مارچ کو چاند کی رویت ممکن نہیں کیونکہ اس روز چاند سورج سے پہلے غروب ہو جائے گا اور فلکیاتی اجتماع غروب آفتاب کے بعد ہوگا۔ اس وجہ سے ان ممالک میں رمضان کے تیس روزے مکمل ہونے اور 20 مارچ کو عیدالفطر منائے جانے کا امکان زیادہ ہے۔اسی طرح 19 مارچ کو چاند کی تلاش کے دوران دنیا کے مشرقی علاقوں میں چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں، تاہم مغربی ایشیا، وسطی اور شمالی افریقہ میں دوربین کے ذریعے اس کی رویت ممکن ہو سکتی ہے۔فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ مغربی یورپ اور مغربی افریقہ میں چاند کا نظر آنا کافی مشکل ہوگا جبکہ شمالی امریکا کے کئی علاقوں میں اسے آنکھ سے دیکھنا نسبتاً آسان ہو سکتا ہے۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے اندازہ ہے کہ زیادہ تر ممالک میں عیدالفطر 20 مارچ کو منائی جا سکتی ہے۔تاہم ماہرین کے مطابق عالم اسلام کے متعدد مشرقی اور وسطی خطوں میں 19 مارچ کو چاند دیکھنا مشکل ہو سکتا ہے، جس کے باعث کچھ ممالک 21 مارچ کو عیدالفطر منانے کا اعلان بھی کر سکتے ہیں۔



















































