پشاور (این این آئی)وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے عوام کو سولر سسٹم کی بروقت فراہمی کے لیے تمام تقاضے بلاتاخیر مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
جمعہ کو وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کے زیر صدارت صوبے میں گھروں کی سولرائزیشن کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں منصوبے کے تحت اہل گھرانوں کو مجوزہ سولر سسٹم کی فراہمی کا عمل جلد شروع کرنے کی ہدایت کردی۔انہوں نے کہا کہ سولر سسٹم کی بروقت فراہمی کے لیے تمام تقاضے بلاتاخیر مکمل کیے جائیں، مستحق آبادی کے گھروں کی سولرائزیشن عوام کو ریلیف دینے کا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔وزیراعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی پر خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے، اس کے ثمرات بھی مستحقین تک بروقت پہنچنے چاہئیں، منصوبے کے تحت صوبہ بھر بشمول ضم اضلاع ایک لاکھ تیس ہزار مستحق گھرانوں کو سولر یونٹس فراہم کیے جائیں گے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ پہلی کیٹیگری میں 65ہزار گھرانوں کو مفت اور دوسری میں 65ہزار کو آدھی قیمت پر سولر یونٹس دیے جائیں گے، منصوبے کا پی سی ون تیار ہے، پی ڈی ڈبلیو پی کے آئندہ اجلاس میں منظوری لی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اے آئی پی کے تحت ضم اضلاع کے لیے ایک علیحدہ سولرائزیشن منصوبے پر بھی پیش رفت جاری ہے، منصوبے کے تحت ضم اضلاع کے ایک لاکھ بیس ہزار مستحق گھرانوں کی سولرائزیشن شامل ہے۔
وزیراعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ ضم اضلاع کیلئے منصوبہ صوبائی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں حتمی منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا، سولرائزیشن منصوبوں میں صوبے کے تمام اضلاع کو آبادی کے تناسب سے حصہ دیا جا رہا ہے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ سولرائزیشن منصوبوں میں بیوہ خواتین، خصوصی افراد، ٹی ڈی پیز اور آف گرڈ علاقوں کو ترجیح دی جائے گی۔


















































