اسلام آباد(این این آئی)پاکستان میں سوشل میڈیا اور آن لائن کمیونیکیشن سروسز میں خلل ملک بھر میں صارفین کو واٹس ایپ، فیس بک، انسٹا گرام سمیت متعدد سوشل میڈیا ایپس کے استعمال میں مشکلات کا سامنا جبکہ پاکستان میں حکومتی اداروں ،وسیع آرگنائزیشنز، تعلیمی اداروں، یونیورسٹیز، چھوٹی صنعت، ای کامرس، صحت اور نجی اداروں پر سائبر حملوں کا خطرہ فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تنبیہ جاری کردی۔
تفصیلا ت کے مطابق پاکستان میں سوشل میڈیا اور آن لائن کمیونیکیشن سروسز میں خلل پیدا ہوگیا ،ملک بھر میں صارفین کو واٹس ایپ، فیس بک، انسٹا گرام سمیت متعدد سوشل میڈیا ایپس کے استعمال میں مشکلات کا سامنا ہے ،ذرائع کے مطابق واٹس ایپ کا آڈیو، ویڈیو اور تصاویر کی اپ لوڈنگ اور ڈاون لوڈنگ میں غیر اعلانیہ بندش کا سامنا ہے، شہری غیر قانونی وی پی این استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، کراچی، بہاولپور، اوکاڑہ، گوجرانوالہ سمیت متعدد شہروں میں صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے.
پی ٹی اے اور موبائل و انٹرنیٹ سروس پروائیڈرز کی جانب سے مسلسل خاموشی ہے ،ذرائع کے مطابق وائس میسیجز میں 49 فیصد، میسجز میں 32 فیصد جبکہ سرور سے متعلق 19 فیصد صارفین کی شکایات موصول ہوئی ہیں دوسری جانب پاکستان میں حکومتی اداروں، وسیع آرگنائزیشنز، تعلیمی اداروں، یونیورسٹیز، چھوٹی صنعت، ای کامرس، صحت اور نجی اداروں پر سائبر حملوں کا خطرہ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تمام اداروں کو فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تنبیہ جاری کردی گئی ہے قومی کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایس کیو ایل انجیکشن اٹیک کی نشاندہی کردی ہے ،ہیکرز ایس کیو ایل انجکشن کے ذریعے ڈیٹا بیس تک رسائی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔جاری کی گئی ایڈوائزری میں کہا گیا کہ ہیکرز مختلف اداروں کے ڈیٹا بیس سے حساس معلومات تک رسائی کے لئے کوشاں ہیں صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام ادارے فوری اقدامات کریں۔