کراچی(این این آئی)ملک میں کاروں کی فروخت میں ستمبر 2020 کے دوران 8.57 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آل پاکستان آٹو مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق ستمبر 2020 میں ملک میں 11860 یونٹس کاریں فروخت ہوئیں جو گزشتہ سال ستمبر کے مقابلہ میں 8.57 فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ سال ستمبر میں ملک میں 10923 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی
تھی۔ جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک میں کاروں کی فروخت میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 2.7 فیصد اضافہ ہوا۔جولائی سے لے کر ستمبر 2020 تک کی مدت میں ملک میں 31868 یونٹس کاروں کی فروخت دیکھنے میں آئی۔ گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک میں 31017 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔اعدادوشمار کے مطابق ستمبر 2020 میں ہونڈا سوک وسٹی کاروں کی فروخت میں 67 فیصد اضافہ جبکہ ٹویوٹا کرولا کی فروخت میں 32 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ستمبر 2020 میں ہونڈا سٹی وسوک کے 2293 یونٹس کی فروخت ہوئی۔ گزشتہ سال ستمبر میں ہونڈا سٹی وسوک 1368 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ستمبر 2020 میں ٹویوٹا کرولا کے 1219 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ سال ستمبر میں ٹویوٹا کرولا کے 1219 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔اعدادوشمارکے مطابق ستمبر 2020 میں سوزوکی سوئفٹ کاروں کی فروخت میں 35 فیصد اور ٹویاٹا یاریس کی فروخت میں 42 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم سوزوکی کلٹس کی فروخت میں 28 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی۔اعدادوشمار کے مطابق سوزوکی ویگن آر کی فروخت میں ستمبرکے دوران 70 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔ ستمبر میں ویگن آر کے 1161 یونٹس فروخت ہوئے۔ گزشتہ سال ستمبر میں ویگن آر کے 680 یونٹس کی فروخت دیکھنے میں آئی تھی۔