کراچی(این این آئی)اسٹیل مل کی باضابطہ بندش اور ملازمین کی جبری برطرفیوں کے بعد ادارے میں بندر بانٹ اور من پسند افراد کی بھرتیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جب کہ کراچی میں ایف ٹی سی میں قائم اسٹیل مل کے زونل سیلز آفس کو بھی بنا ٹینڈر من پسند کمپنی کو دے دیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیل مل کا زونل سیلز آفس کراچی شاہراہ فیصل پر قائم ایف ٹی سی عمارت میں ہے جسے بنا ٹینڈر ایک نجی کمپنی کو کرائے پر دیدیا گیا ہے ۔اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ زونل سیلز آفس کراچی کو محض چار لاکھ27ہزار روپے ماہوار کرائے پر دیا گیا ہے جو کہ مارکیٹ ریٹ سے انتہائی کم ہے ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ مبینہ طور پر کمپنی کو یہ آفس اسٹیل مل کی ایک اعلی عہدے پر فائز شخصیت کی سفارش پر دیا گیا ہے ۔اسٹیل مل کی بندش اور جبری طور پر ملازمین کی برطرفیوں کے باوجود ادارے میں بھاری مشاہروں پر من پسند افراد کی تعیناتیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ،ادارے کے شعبہ سیکیورٹی میں بھاری تنخواہوں پر بعض ریٹائرڈ افسران کی بطور منیجرز تقرری کی گئی ہے ۔دوسری جانب ادارے سے برطرف کیے گئے ملازمین کو واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے ابھی تک کسی قسم کے لائحہ عمل کا اعلان نہیں کیا گیا ہے ،ان افراد کا مستقبل بھی اسٹیل مل کے ریٹائرڈ ملازمین کی طرح دا پر لگنے کا اندیشہ ہے جو کہ برسوں سے اپنے واجبات کی ادائیگی کی راہ تک رہے ہیں۔