ریاض(این این آئی)دنیا کی سب سے زیادہ منافع بخش کمپنی آرامکو نے سٹاک مارکیٹ میں داخل ہونے کے لیے اپنی آئی پی او لانے کی تصدیق کی ہے۔یہ دنیا کی سب سے بڑی ابتدائی عوامی پیش کش ہو سکتی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ کمپنی سعودی عرب کے شاہی خاندان کی ملکیت ہے۔
اور وہ سرمایہ کاروں کی رجسٹریشن اور ان کی دلچسپیوں کے مطابق آئی پی او کی ابتدائی یا لانچ قیمت کا فیصلہ کرے گی۔کاروباری ذرائع کا خیال ہے کہ کمپنی کے موجودہ حصص میں سے ایک یا دو فیصد حصص کی فراہمی کی جا سکتی ہے۔آرامکو بورڈ کے چیئرمین یاسر الرمیان نے ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ ہم آپ کو آنے والے وقت میں بین الاقوامی سٹاک مارکیٹ میں داخل ہونے کے بارے میں بتائیں گے۔سعودی آرامکو کی تاریخ سنہ 1933 میں اس وقت شروع ہوئی جب سعودی عرب اور سٹینڈرڈ آئل کمپنی آف کیلیفورنیا (شیورون) کے مابین معاہدہ ہوا تھا۔یہ معاہدہ تیل کے کنوؤں کی کھوج اور کھدائی کے لیے ایک نئی کمپنی کی تشکیل سے متعلق تھا۔ اس کے بعد سنہ 1973 سے 1980 کے درمیان سعودی عرب نے ساری کمپنی خرید لی۔انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق سعودی عرب میں وینزویلا کے بعد تیل کے سب سے بڑے ذخائر ہیں۔ اس کے ساتھ سعودی عرب تیل کی پیداوار میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔تیل کے معاملے میں سعودی عرب کو دوسرے ممالک پر ترجیح حاصل ہے کیونکہ یہاں تیل نکالنا بھی نسبتاً سستا ہے۔