الریاض (این این آئی)سعودی عرب کی پٹرولیم کمپنی آرامکو نے ایران نواز حوثی باغیوں کے ڈرون حملے میں متاثر ہونے والی تیل پائپ لائن کی مرمت کے بعد تیل کی فراہمی بحال کر دی ہے۔ کمپنی کے ایک سینیئرعہدیدار نے بتایا کہ حملے کے بعد مرکزی تیل پائپ لائن سے تیل کی سپلائی صرف دو دن متاثر ہوئی۔ تیل کی سپلائی معمول کے مطابق بحال کردی گئی ہے۔کمپنی کے عہدیدارنے بتایاکہ مشرقی سعودی عرب سے مغرب ساحل میں ینبع
بندرگاہ تک تیل سپلائی کرنے والی پائپ لائن شرقا۔غربا متاثر ہوئی تھی جسے دو روز کے اندر اندر مرمت کرنے کے بعد تیل کی سپلائی بحال کر دی گئی ہے۔حوثیوں کے ڈرون حملے سے متاثر ہونے والی پائپ لاین سے یومیہ 50 لاکھ بیریل تیل سپلائی کیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ منگل کوآرامکو کے عہدیدار نے کہا تھا عسکریت پسندوں نے مشرقی سعودی عرب کے دو پٹرولیم اسٹیشنوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو پائپ لائنیں متاثر ہوئی تھیں۔ حملے کے نتیجے میں پمپنگ اسٹیشن نمبر 8 متاثرہوا تھا۔