کراچی (سی پی پی)کمرشل بینکوں نے صارفین کیلئے ایس ایم ایس سروس مفت کرنے کا اعلان کردیا، یکم جنوری 2019 سے تمام بینک اپنے صارفین سے ایس ایم ایس سروس چارجز وصول نہیں کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق کمرشل بینکوں نے صارفین کیلئے جنوری 2019 سے ایس ایم ایس سروس مفت کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ملک میں اس وقت بیشتر بینک آن لائن رقم کی ادائیگی اور اے ٹی ایم سے نکالی جانے والی رقوم کے نتیجے میں موصول ہونے والے ایس ایم ایس پر ماہانہ تقریباً 100 روپے
وصول کرتے ہیں۔ایس ایم ایس کی سہولت صارفین کیلئے بہت فائدہ مند ہے کیونکہ کسی دوسرے شخص کی جانب سے رسائی کے نتیجے میں بینک فوری طور پر صارف کو الرٹ کرتا ہے۔ ایس ایم ایس سروس چارجز کے باعث صارفین سیکورٹی سہولت سے فائدہ نہیں اٹھاتے کیونکہ بیشتر افراد ایس ایم ایس کی مد میں فیس ادا نہیں کرنا چاہتے۔حالیہ سائبر حملوں کے نتیجے میں خراب سیکورٹی انفارمیشن کا راز افشاں ہونے کے بعد اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تجارتی بینکوں کو تفصیلی ہدایات جاری کیں۔