تہران (این این آئی)ایران کے وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ہم پاک ایران بینکاری تعلقات کی بحالی سمیت دونوں ممالک کے درمیان ترجیحی اور آزادانہ تجارت کے خواہاں ہیں۔ان خیالات کا اظہارمحمد جواد ظریف نے دورہ پاکستان کے موقع پر اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان کے ستاھ بینکنگ شعبے میں تعلقات کی توسیع چاہتا ہے۔
پاک ایران سیاسی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ظریف نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسلام آباد اور کراچی کے دوروں کے موقع پر دونوں ممالک کے روابط کو بڑھانے کے لئے موثر مذاکرات کئے جائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک ایران اقتصادی تعاون کے فروغ کے لئے نجی شعبوں کو مزید کردار ادا کرنا ہوگا۔جواد ظریف نے کہا کہ پاکستان ہمارا اہم ہمسایہ ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان غیرمعمولی تعلقات قائم ہیں۔