لاہور( این این آئی )پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے سیمنٹ کی مانگ میں اضافہ ہو گیا،اکتوبر میں سیمنٹ کی کھپت 35 لاکھ ٹن تک پہنچ گئی۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی سطح پر سیمنٹ کی مانگ میں اضافے کے باعث ایک ماہ کے دوران سیمنٹ فیکٹریاں اپنی پیداواری صلاحیت کا 92 فیصد تک استعمال کر رہی ہیں۔
اکتوبر میں سیمنٹ کی مقامی کھپت 16 فیصد اضافے سے 30 لاکھ ٹن جبکہ برآمدات 2 فیصد کمی سے 5 لاکھ 18 ہزار ٹن رہی۔ ایسوسی ایشن کے مطابق رواں مالی سال کے چار ماہ کے دوران سیمنٹ کی مقامی کھپت میں 11 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سیمنٹ کی برآمدات گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریباً 2 فیصد بڑھ چکی ہے۔ چار ماہ میں افغانستان میں سیمنٹ برآمدات میں تقریباً 12 فیصد کی کمی جبکہ بھارت سیمنٹ برآمدات میں 101 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔