لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ اس فسطائی حکومت کے قیام کے بعد کسی قانون اور قاعدے کا احترام باقی نہیں رہا ہے ۔رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ
سپریم کورٹ کے 7رکنی بنچ کا فیصلہ ہے کہ دہشتگردی کے قانون کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنا غیر قانونی ہے لیکن اس فسطائی حکومت کے قیام کے بعد کسی قانون اور قاعدے کا احترام باقی نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے استقبال کے لئے آنے والے لوگوں کو دہشت گرد قرار دے دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ منگل کے روز 4کیسز میں پیشی کے لیے زمان پارک لاہور سے روانہ ہونے والے چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان قافلے کے ہمراہ اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس پہنچے تھے فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد کو سکیورٹی اہلکار روکنے میں ناکام رہے تھے۔