لاہور(نیوز ڈیسک) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر اس سال دنیا کے 70ممالک سے تعلق رکھنے والے 14سو افراد شاہی مہمان کے طور پر حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ سعودی عرب کے وزیر اسلامی امور شیخ صالح الشیخ نے بتایا ہے کہ 1997میں اس پروگرام کے آغاز سے اب تک 24000مسلمان مرد و خواتین شاہی مہمان کے طور پر حج کر چکے ہیں۔ ان میں پاکستان ،انڈو نیشیا ، بنگلا دیش ،سری لنکا، نیپال، افغانستان، بھارت، اور کئی دوسرے ممالک شامل ہیں۔اس کے علاوہ خادم حرمین شریفین کی دعوت پر فلسطینی شہدا اور اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کے ایک ہزار اہل خانہ بھی سرکاری مہمان کے طور پر حج کریں گے پانچ سو افراد کا تعلق مغربی کنارے جبکہ دیگر پانچ سو کا تعلق غزہ کی پٹی سے ہے۔