بارکھان /کوئٹہ(این این آئی)بارکھان واقعے کے خلاف مقتولین کے رشتے داروں اور مری قبیلے کا میتوں کے ساتھ کوئٹہ میں دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال سے واقعے کا ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔مظاہرین نے بلوچستان کے وزیر عبدالرحمن کھیتران کو گرفتار کر کے واقعے کی جوڈیشل انکوائری کرانے کا مطالبہ کر دیا۔
بارکھان واقعے کے حوالے سے چیئرمین مری قبائل اتحاد میر جہانگیر خان مری نے میڈیا سے گفتگو میں مطالبہ کیا ہے کہ خان محمد مری کے 5 بچوں کو فوری بازیاب کرایا جائے۔انہوںنے کہاکہ صوبائی وزیر کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور انہیں وزارت سے برطرف کیا جائے، صوبائی و وفاقی حکومت اور سپریم کورٹ سے مدد کی اپیل کرتے ہیں۔جہانگیر مری نے کہاکہ صوبائی حکومت کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے، وزیرِ داخلہ کا بلایا گیا اجلاس بے نتیجہ ہے۔دوسری جانب مقتولہ کے 5 بچوں کی بازیابی کے لیے کوئٹہ پولیس نے عبدالرحمن کھیتران کے گھر پر چھاپہ مارا اور مختلف حصوں کی تلاشی لی تاہم کوئی بازیابی عمل میں نہ آ سکی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بلوچستان حکومت نے تفتیش کے لیے جے آئی ٹی بنا دی جبکہ بلوچستان بار کونسل نے قتل کے واقعے کی مذمت کی ہے اور بلوچستان بھر میں عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا گیا ۔یاد رہے کہ عبدالرحمن کھیتران پر نجی جیل میں قید کرنے کا الزام لگانے والی خاتون کی 2 بیٹوں سمیت کنویں سے لاشیں ملی تھیں۔مقتولہ گراں ناز کی جانب سے کچھ روز پہلے ایک ویڈیو میں قرآن اٹھا کر سردار کھیتران پر خود کو اور 7 بچوں کو نجی جیل میں رکھنے کا الزام لگایا تھا۔دریں اثناء بلوچستان کے وزیرمواصلات عبدالرحمان کھیتران نے بارکھان واقعہ پر الزامات رد کرتے ہوئے اپنے بیٹے انعام شاہ پر سازش کا الزام لگا دیا۔عبدالرحمان کھیتران نے 3 افراد کے قتل اور نجی جیل کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نجی جیل اور 3 افراد کے قتل کا الزام ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں علاقائی سیاست کے حق سے محروم رکھنے کی مذموم کوشش کی جار ہی ہے، بعض عناصر علاقے کا امن خراب کرنے کے لیے ان کے خلاف سازش کررہے ہیں۔وزیرمواصلات نے اپنے بیٹے انعام شاہ پر سازش کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس نے خاتون سے بیان ریکارڈ کروایا کیونکہ وہ سردار بننا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں پیشی کے لیے تیار ہوں لیکن استعفیٰ نہیں دوں گا، بدنام کرنے کی سازش کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کروں گا۔