کراچی(این این آئی)آئی جی سندھ آفس کی جانب سے پولیس اہلکاروں کے دوران ڈیوٹی اسمارٹ فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔کراچی پولیس چیف کے دفتر پر حملے کے بعد سندھ پولیس کی جانب سے مختلف اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، اب پولیس اہلکاروں کے دوران ڈیوٹی اسمارٹ فون کے
استعمال پرپابندی عائد کر دی گئی ہے اور آئی جی سندھ آفس کی جانب سے حکم نامہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اب سندھ میں تمام پولیس اہلکار دوران ڈیوٹی اسمارٹ فون استعمال نہیں کریں گے، دوران ڈیوٹی افسران یا اہلکار اسمارٹ فون استعمال کرتے پائے گئے تو کارروائی کی جائے گی۔حکم نامہ مجازاتھارٹی کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے، اور اس کی نقول سندھ میں تعینات تمام ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، ڈی آئی جیز ہیڈ کوارٹر کو ارسال کردی گئی ہیں۔دوسری جانب آئی جی سندھ کا ایک اور اہم اقدام سامنے آیا ہے، سینٹرل پولیس آفس میں تعینات عملے کی تربیت کا فیصلہ کیا گیا، اس حوالے سے بھی آئی جی سندھ کی جانب سے تمام افسران کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔آئی جی سندھ کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایسے عملے کی تفصیل فراہم کی جائیں جو لائسنس یافتہ یا لائسنس حاصل کرنے والا ہو، عملے کو اسپیشل سیکیورٹی یونٹ میں ایک روزہ تربیت دی جائے گی، تربیت کا مقصد ممکنہ خطرے کے پیش نظر خود کی حفاظت ہے۔