جڑانوالہ (آن لائن)پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد تقریباً 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد ہے،حالیہ چند دنوں کے دوران اس میں خطرناک حد تک اضافہ ہو ا ہے،پاکستان میں جس رفتار سے ذیابیطس کا مرض پھیل رہا ہے اس سے خدشہ یہ ہے کہ 2045
تک پاکستان میں اس مرض میں مبتلا افراد کی تعداد 6 کروڑ 20 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔ذیابیطس ٹائپ ٹو میں مریض کے خون میں چینی کی مقدار بہت زیادہ ہو جاتی ہے جسے بلڈ شوگر کا نام بھی دیا جاتا ہے۔ تاہم ماہرین کی ریسرچ نے یہ انکشاف کیا ہے کہ پیاز کا عرق، اینٹی ذیابیطس دوا میٹفارمین کے ساتھ ملا کر دینے سے ہائی بلڈ شوگر اور مجموعی کولیسٹرول کی سطح کوتیزی سے کم کر سکتا ہے۔محققین نے چوہوں کے تین گروپوں پر اس کا تجربہ کیا انہیں مختلف مقدار میں عرق پیاز کی خوراک 200، 400 اور 600 ملی گرام فی کلوگرام جسمانی وزن تھی۔ تجربے سے ثابت ہوا کہ جن چوہوں کو 400 ملی گرام اور 600 ملی گرام فی کلوگرام جسمانی وزن خوراک دی گئی، ان کے خون میں شوگر کی سطح بنیادی سطح کے مقابلے میں بالترتیب 50 فیصد اور 35 فیصد تک تیزی سے کم ہو جاتی ہے۔پیاز کے عرق نے ذیابیطس کے شکار چوہوں میں کولیسٹرول کی لیول کو کم کیا۔