اسلام آباد /لاہور /کراچی (این این آئی)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان اور ٹرانسپورٹرز نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں حالیہ اضافے کو مسترد کر دیا۔ تنظیم تاجران پاکستان کے صدرکاشف چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں 35 روپے فی لیٹراضافہ یکسرمسترد کرتے ہیں،
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا مزید طوفان آئیگا، مہنگائی نے عوام کیلئے ایک وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنا دیا ہے۔کاشف چوہدری نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے۔رکن سندھ اسمبلی و صدرپاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35،35 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے، تمام ٹرانسپورٹرز سے مشاورت کے بعد اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، امپورٹڈ حکومت کی پالیسیاں پاکستان کو بربادی کے دہانے پر لے آئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلا جائے، امپورٹڈ حکومت کی ترجیحات عوام دشمن پالیسیاں بنانا ہے، پانی ناک سے اوپر چلا گیا ہے، اب ٹرانسپورٹرز سڑکوں پر آ رہے ہیں، ہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔ادھر مرکزی تنظیم تاجران خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری ظاہر شاہ نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئیگا، حکومت پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ واپس لے۔صدر راولپنڈی چیمبر ثاقب رفیق نے کہاکہ پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے کاروبار بند ہو جائیں گے۔صدر چیمبر ثاقب رفیق نے کہاکہ روپے کی قدر گرنے سے پہلے ہی مہنگائی کئی گنا بڑھ چکی ہے، حکومت معاشی سنگینی کا احساس کرے اور ریلیف دے۔ صدر آئی سی سی آئی نے کہاکہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر کے پالیسی سازی کی جائے،ٹیکس نیٹ بڑھایا جائے۔ صدر آر سی سی آئی نے کہاکہ مہنگائی کی شرح اس وقت پینتیس فیصد کے قریب ہے، قیمتوں میں اضافے سے شرح میں بھی اضافہ ہو گا۔
صدر آل پاکستان ریسٹورنٹ جوائنٹ ایکشن کمیٹی محمد فاروق چوہدری نے اپنے وڈیو بیان میں کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں حالیہ اضافہ ملک بھر میں مہنگائی کا طوفان لانے کے مترادف ہے۔ محمد فاروق چوہدری نے کہاکہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 35 روپے فی لیٹر تک کا ظالمانہ اقدام ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں پہلے ہی مہنگائی کا طوفان برپا ہے، اس طرح کے فیصلے ملک و قوم کے مفاد میں ہرگز نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں سوئی گیس کی قلت سے پہلے ہی فوڈ انڈسٹری سے منسلک لوگ انتہائی پریشانی کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہاکہ محکمہ سوئی گیس، گیس کی فراہمی کی بجائے کمرشل صارفین کو جبراً آر ایل این جی پر جبراً منتقلی میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ سوئی گیس کی جانب سے کمرشل صارفین کے غیر قانونی طریقے سے میٹر اتارے جارہے ہیں۔