لاہور(این این آئی)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد انٹر سٹی روٹس پر چلنے والی ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھانے کا عندیہ دیدیا گیا جبکہ شہر میں چلنے والی پرائیویٹ ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے کرائے بڑھا دئیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35روپے فی لیٹر اضافے کے بعد انٹر سٹی روٹس پر ٹرانسپورٹ چلانے والے مالکان کی ایسوسی ایشن نے کرائے بڑھانے کیلئے فوری اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں کرائے بڑھانے کے حوالے سے فیصلہ کر کے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق صوبوں اور اضلاع کے درمیان چلنے والی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 20 سے 30 فیصد اضافے کا عندیہ دیا گیا ہے جس سے کرایوں میں 100روپے سے200روپے تک اضافہ ہو جائے گا۔ دوسری جانب شہر میں چلنے والی پرائیویٹ ٹرانسپورٹ اورمال برداری کے لئے استعمال ہونے والی لوڈر گاڑیوں کے کرائے بھی بڑھا دئیے گئے ہیں۔