ممبئی (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست آندھر پردیش میں آسمانی بجلی گرنے سے 23 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ اس سے ملحقہ ریاست اڑیسہ میں 9 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ اموات نالور، پرکاسم، گنتور، کرشنا، مشرقی گوداوری، اننت پور اور سریکاکولم اضلاع میں ہوئیں۔ وزیر اعلی چندربابو نائیڈو نے حالات کا جائزہ لیا اور آسمانی بجلی کی زد میں آ کر مرنے والوں کے لواحقین کے لیے چار چار لاکھ معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں آنے والے سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 61 ہو گئی ہے۔ آسام میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے مطابق رواں سال چوتھی بار آنے والے سیلاب میں اتوار کو پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ اموات دلگاو¿ں، ڈبروگڑھ، جگی روڈ اور برکھیتری علاقوں میں ہوئی۔ حکام کے مطابق سیلاب کی وجہ سے 20 اضلاع میں تقریباً 18 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں اور ریاستی حکومت کی جانب سے مختلف اضلاع میں قائم کیے جانے والے 277 ریلیف کیمپوں میں تقریباً دو لاکھ افراد رہ رہے ہیں۔