اسلام آباد (این این آئی)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے مخصوص شہروں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کو ویزوں کے اجرا پر کوئی پابندی عائد نہیں کی اور انہیں بلیک لسٹ بھی نہیں کیا۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ
نے بتایا کہ ہم اس بات کی تصدیق کرسکتے ہیں کہ یو اے ای کی جانب سے پاکستانی شہریوں کو ویزہ جاری کرنے پر ایسی کوئی پابندی نہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے یو اے ای کی جانب سے مخصوص شہروں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو ویزوں کے اجرا پر بلیک لسٹ یا پابندی کی خبروں کے حوالے سے صحافیوں کے سوالات کے پیش نظر ردعمل دیا۔ترجمان نے بتایا کہ یو اے ای نے بھی بعض شہروں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو ویزہ فراہم نہ کرنے کی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرمیتھی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ایسی کوئی پابندی نہیں لگائی۔خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر اطلاعات گردش کررہی تھیں کہ یو اے ای حکومت نے پاکستان کے مزید 2 شہروں میں رہنے والوں کے لیے وزٹ ویزوں پر پابند ی عائد کر دی جبکہ اس سے قبل 22 شہروں پر ایسی پابندی تھی جس کے بعد یہ تعداد 24 ہو چکی ہے۔