اسلام آباد (این این آئی)مئی2021میں میں قتل کی جانے والی 28سالہ نور مقدم کی والدہ نے سارہ انعام کے والدین کے نام پیغام میں کہاہے کہ قاتلوں کو نہیں چھوڑنا۔انسٹاگرام پر نور مقدم کی والدہ کوثر نے اپنے شوہر شاہنواز کے ہاتھوں قتل ہونے والی سارہ انعام کیس سے متعلق گفتگو کی۔نور کی والدہ نے کہا کہ
سارہ انعام کی موت کی خبر سن کر ایسا محسوس ہوا جیسے ایک اور نور چلی گئی ہو، 2 سے 3 دن تو ہمیں سمجھنے میں لگے کہ سارہ انعام کے ساتھ ایسا کیوں اور کس وجہ سے ہوا، نور مقدم کے فیصلے میں تاخیر کی وجہ سے سارہ انعام کو قتل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جب تک ان کیسز کے فیصلے نہیں کیے جائیں گے تب تک ایسے ہی بچیوں کے قتل کیے جاتے رہیں گے لہذا سارہ انعام کے کیس کا فیصلہ فوری سنایا جائے، یہ کیسا ماحول ہے جہاں بچیاں اپنے شوہر کے گھر میں بھی محفوظ نہیں ہیں۔سارہ انعام کے والدین کو دئیے گئے پیغام میں نور مقدم کی والدہ نے کہا کہ قاتلوں کو چھوڑنا نہیں، ہماری بچیاں یا پاکستان کی بیٹیاں فالتو نہیں ہیں، سارہ انعام نور کی طرح ایک قابل لڑکی تھی، وہ پاکستان کیلئے بہت کچھ کرسکتی تھیں، پاکستان کا نام روشن کرسکتی تھیں، اس کے والدین کو یہی پیغام ہے کہ وہ لڑیں، ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کیلئے دعاگو ہیں ۔ کوثر خاتون نے کہا کہ جب تک ایک دو قاتل پھانسی پر نہیں لٹکیں گے یہ قتل نہیں رکیں گے۔