لاہور( این این آئی )پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں کولڈ سٹورسے تین سال پرانا 7 ہزار کلو گوشت ،سرگودھا سے 6 ہزار کلو ملاوٹی بیسن اور مرچیں برآمدکر لی ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک کے مطابق لاہورملتان روڈ پر کولڈ سٹور سے تین سال پرانے امپورٹڈ سری پائے، کھد
، زبان اور باسی گوشت برآمد کیا گیا،ایک ہوٹل سے باسی گوشت ملنے پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے سپلائر کا پتہ لگانے کی ٹھانی تو کولڈ سٹور کا سراغ مل گیا ،کولڈ سٹور میں مختلف ہمسایہ ممالک سے درآمد شدہ حلال حرام کی تفریق کے بغیر زائد المیعاد گوشت برآمد ہوا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق تمام گوشت قانونی کاروائی مکمل کرنے کے بعد پیمکو بھٹھی میں جلا کر تلف کر دیا گیا جبکہ کولڈ سٹور مالک کے خلاف مقدمہ درج کر کے تمام خریداروں کی تفصیل بھی حاصل کی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سرگودھا میں گرائنڈنگ فیکٹری ملاوٹی بیسن اور مرچیں تیار کرنے پر بند کر دی گئی۔ کارروائی کے دوران 800کلو ملاوٹی مرچیں،1850 کلو دال مونگ، 1700 کلو دال مٹری 200کلو مرچیں، 500 کلو ٹوٹے چاول اور 800 کلو بیسن ضبط کیا گیا۔گھوڑوں کی خوراک کم معیار مٹری دال، چاول اور دال مونگ مکس کر کے ملاوٹی بیسن تیار کیا جارہا تھا۔تیار مرچوں اور بیسن کو قوانین کے خلاف کھلا بغیر ڈھانپے زمین پر رکھا پایا گیا۔