لندن(این این آئی )پاکستان کا 75 واں یوم آزادی وطن عزیز سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں بھی جوش وخروش سے منایا گیا اور اس موقع پر برطانیہ میں مقیم پاکستانی عمر قریشی نے منفرد انداز میں یوم آزادی مناکر سب کے دل جیت لیے۔میڈیارپورٹس کے مطابق عمر قریشی برطانیہ میں مقیم ایک
ایسے پاکستانی ہیں جو ہر سال14 اگست پر نہایت خوبصورت انداز میں گاڑی سجا کر وطن عزیز سے اپنی محبت کااظہار کرتے ہیں۔پاکستانی جھنڈوں اور اسٹیکرز سے سجی یہ گاڑی یوم آزادی کے روز برطانوی شہریوں کو منفرد سجاوٹ کے باعث اپنی جانب کھینچتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگ عمر قریشی کی گاڑی کے ساتھ سیلفیاں بنواتے ہیں۔عمر قریشی کا کہنا تھا کہ ہر سال گاڑی کو منفرد انداز میں سجایا جاتا ہے، انہیں گاڑی کو سجانے میں ایک ہفتہ لگتا ہے، گاڑی کی سجاوٹ پاکستانی جھنڈوں اور پرنٹر سے تیار کروائے گئے مخصوص انداز کے اسٹیکرز سے کی جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ لوگوں کی ڈیمانڈ بڑھ گئی ہے اور لوگ اب ہفتہ قبل ہی پوچھنا شروع کردیتے ہیں کہ اس بار گاڑی کس انداز سے سجائی جائے گی لیکن ہم اس انداز کو راز رکھتے ہیں۔عمر قریشی نے پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری رہائش اگرچہ برطانیہ کی ہے لیکن ہمارا جذبہ پاکستان کے لیے ہے، اسے کبھی بھی نہیں بھلایا جاسکتا، جو قربانیاں اس ملک کو بنانے کے لیے دی گئیں اسے دہرانے کے لیے ہی اس سجاوٹ کو عمل میں لایا جاتا ہے۔