ٹوکیو، اسلام آباد (این این آئی) پاکستان کے معروف اداکار تنویر جمال جاپان میں انتقال کر گئے۔اداکار تنویر جمال کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور کچھ عرصہ قبل ہی علاج کی غرض سے جاپان منتقل ہوئے تھے۔اداکار تنویر جمال نے جاپان میں مختلف ڈاکٹرز کو چیک اپ کرایا تاہم ڈاکٹرز نے نامور پاکستانی اداکار کا طبی معائنہ کرنے کے بعد انہیں یہ کہہ کر جواب دے دیا تھا کہ اگر تنویر جمال کا
آپریشن کیا گیا تو ان کی صحت کو مزید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔اداکار تنویر جمال نے لواحقین میں جاپانی اہلیہ اور تین بچے چھوڑے ہیں۔تنویر جمال گزشتہ 35 برسوں سے اپنی شاندار اداکاری کے ذریعے پاکستان میں اہم مقام رکھتے تھے، تنویر جمال کو ان کی بہترین اداکاری پر پی ٹی وی کی جانب سے بیسٹ ایکٹر ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔تنویر جمال نے پرائیویٹ پروڈکشن میں سب سے پہلے ایکشن سے بھرپور میگا ڈرامہ سیریل ‘گاڈ فادر’ کو ڈائریکٹ اور پروڈیوس کرکے اپنا نام بنایا جب کہ یہ ڈرامہ سیریل پاکستان اور جاپان میں ریکارڈ کی گئی۔انہوں نے درجنوں معروف ڈرامہ سیریل میں بہترین اداکاری کے جوہر بھی دکھائے جبکہ’ اب پیمپر نہیں آئیں گے’ اور عنقریب ریلیز ہونے والی فلم جاپان کنکشن’ ڈائریکٹ اور پروڈیوس کی ہے۔تنویر جمال 2016 میں پہلی دفعہ کینسر کے مرض کا شکار ہوئے تھے تاہم علاج کے بعد صحتیاب ہو گئے تھے تاہم چند ماہ قبل انہیں پھر سے تکلیف ہوئی اور ایک بار پھر کینسر کی تشخیص ہوئی جس سے ان کی صحت کافی متاثر ہوئی تھی۔دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ تنویر جمال کے انتقال کی خبر سن کر دکھ ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ تنویر جمال گزشتہ 35 سالوں سے پی ٹی وی کی معروف شخصیت تھے۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی وی کے متعدد ڈراموں میں اپنی کارکردگی کا لوہا منوایا،مرحوم کی ڈرامہ انڈسٹری کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وفاقی وزیر نے بتایاکہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ (آمین)۔