فیصل آباد(آن لائن)کوئلہ اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف دیگر اضلاع کی طرح فیصل آبادکے بھٹہ مالکان نے ضلع بھرکے 480سے زائد بھٹے بند کر دیئے ہیںجبکہ یکم جولائی سے 10جولائی تک پختہ اینٹوں کی سیل بھی بند ر ہے گی ۔ضلعی صدر
چوہدری عبدالرزاق باجوہ کی صدارت میں ایگزیکٹو کونسل کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کے لئے حکمت عملی طے کی جائے گی ۔تفصیلات کے مطابق چند روز قبل مرکزی یونین کے لاہور میں ہونے والے ایک اجلاس میں فیصلہ طے پایا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات اورکوئلہ کی قیمتیں دن بدن بڑھتی جا رہی ہیں جبکہ اینٹوں کے ریٹس اس حساب سے با لکل کم ہیں اس لئے 30جون کو پنجاب کے 10ہزار سے زائد بھٹے احتجاجاً دو ماہ کے لئے بند کر دیئے جائیں ۔جس پر ضلعی صدر چوہدری عبدالرزاق باجوہ، چیئر مین حاجی الطاف،ڈویژنل صدر حاجی اسلام، سر پرست اعلیٰ چوہدری اشرف گجر،سینئر نائب صدر میاں فرمان، ضلعی جنرل سیکر ٹری حاجی غلا مصطفی نے نے تمام سیکٹرز کے صدور اور جنرل سیکر ٹریز کی متفقہ رائے سے ضلع کے تمام بھٹے بند کروا دیئے ہیں ۔خام خشت کی تیاری کا عمل بھی روک دیا گیا ہے ۔ پنجاب کے بھٹے بند ہونے سے لاکھوں مزدور بھی بے روزگار ہو گئے ہیں ۔بھٹہ مالکان کا کہنا ہے کہ وہ کئی ماہ سے کوئلہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ پر آواز اٹھا رہے ہیں مگر حکومت نے ان کی بات نہیں سنی اس لئے اب ان کے پاس بھٹے بند کرنے کے سوا کوئی آپشن نہیں رہا۔