الجیریا(این این آئی)الجزائر کے حکومتی ترجمان اخبار الشعب کے ایڈیٹر کو اپنی پیشہ وارانہ زندگی کی ایک فاش غلطی کے سبب ملازمت سے ہاتھ دھونے پڑ گئے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق الشعب نامی اخبار کے مدیر مصطفی ھمیسی نے اپنے اخبار کے صفحہ اول پر الجزائر فٹبال ٹیم کے بجائے مراکش کی فٹبال ٹیم کی تصویر شائع کر دی تھی۔اس جرم کی پاداش میں الجزائر کے وزیر اطلاعات نے مصطفی ھمیسی کو ملازمت سے برخاست کر دیا۔بحیرہ روم کھیلوں کے مقابلوں میں فرانس کی ٹیم کا الجزائر کی ٹیم کے ساتھ فائنل میچ تھا جس کی کوریج کے لیے شائع کی جانے والی خبر میں الشعب اخبار نے الجزائر کے بجائے مراکش کی فٹبال ٹیم کی تصویر شائع ہو گئی۔جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب الجزائری وزارت مواصلات کے نشر ہونے والے بیان کے مطابق مصطفی ھمیسی کو الشعب نامی جنرل گزٹ اخبار کی ادارتی ذمہ داری سے ایک فاش غلطی کی بنا پر سبکدوش کیا جا رہا ہے۔اعلان میں مزید تفصیل نہیں بتائی گئی۔ ان کی جگہ المسا نامی سرکاری اخبار کے ایڈیٹر کو الشعب کا نگران ایڈیٹر مقرر کیا گیا ہے۔