تہران(این این آئی)ایران نے روسی اشیا بھارت بھیجنے کے لیے نیا تجارتی کوریڈور تلاش کرلیا،میڈیارپورٹس کے مطابق ایرانی بندرگاہوں کی وزارت کے ایک افسر نے بتایاکہ ایران کی سرکاری شپنگ کمپنی نے کہا ہے کہ اس نے ملک کے
ایک ٹرانزٹ کوریڈور کو ایک نئے تجارتی کوریڈور کے طور پر استعمال کرکے، روسی اشیا کی پہلی کھیپ بھارت کو منتقل کرنے کا کام شروع کردیا ۔انہوں نے بتایاکہ روسی کارگو،41ٹن وزنی 40فٹ کے دو لیمنیٹ شیٹس کے کنٹینر کے ساتھ سینٹ پیٹرز برگ سے استرخان شہر کے لیے روانہ ہوگیا۔رپورٹ میں گوکہ اس روانگی کو ٹرانزٹ کوریڈور سے ابتدائی تجرباتی منتقلی قرار دیا گیا تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ جہاز کب روانہ ہوا اور نہ ہی جہاز پر رکھے گئے دیگر سازوسامان کی تفصیلات بتائی گئی ہیں۔ایرانی میڈیانے بتایا کہ استرخان سے یہ کارگو بحیرہ کیسپین کو پار کرتے ہوئے شمالی ایران کی بندرگاہ انزلی پہنچے گا اور اسے خلیج فارس میں بندر عباس بندرگاہ کے لیے سڑک کے راستے منتقل کیا جائے گا۔ وہاں سے اسے ایک دوسرے جہاز پر منتقل کیا جائے گا اور بھارتی بندرگاہ نہوا شیوا بھیج دیا جائے گا۔