لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور میں مال روڈ چیئرنگ کراس پر کسانوں کا دھرنا دوسرے روز میں داخل ہوگیا۔ کسانوں نے مطالبات پورے نہ ہونے پر اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔لاہور میں مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کے سامنے چیئرنگ کراس پر کسان اتحاد کے زیر اہتمام کسانوں نے گزشتہ روز سے دھرنا دے رکھا ہے، مگر تاحال کوئی حکومتی نمائندہ ان سے مذاکرات کے لیے نہیں آیا۔کسانوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت زرعی اجناس کی مناسب قیمت مقرر کرے۔چاول ،کپاس اور آلو کی فصل کے لیے فوری طور پر امدادی قیمت مقرر کی جائے۔ زرعی ٹیوب ویلوں کے لیے سستی بجلی فراہم کی جائے۔ کسانوں نے مطالبات تسلیم نہ ہونے پر 23 اگست سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا ہےتاہم احتجاج کی وجہ سے ہونے والی مشکلات کے باعث پولیس نے کسانوں سے نپٹنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں جس کے لئے اضافی نفری کے ساتھ ساتھ گیس شیل ، واٹر کینن اور قیدیوں کی بسیں بھی منگوالی گئی ہیں ۔