لاہور( این این آئی)ملک بھر میں تعطیل کے روز بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری رہی جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات درپیش رہیں، کئی علاقوں میں پانی کے بحران کی وجہ سے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ،گرمی کی شدت سے بچنے کے لئے
فیملیاںنہر اور کھالوں پر پہنچ گئے ۔تفصیلات کے مطابق چھٹی کے روز بھی بجلی کی طلب اور رسد میں خلیج ختم نہ ہو سکی اورشارٹ فال 4ہزار 662میگاواٹ رہنے کی وجہ سے سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ ذرائع کے مطابق بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 838 میگاواٹ ہے جبکہ طلب 26 ہزار 500 میگاواٹ رہی۔ ہائیڈرلسے 4 ہزار 930 میگا واٹ ،سرکاری تھرمل پلانٹس سے 1 ہزار 595 میگا واٹ بجلی پیدا کی پیداوار حاصل ہوئی ۔مختلف شہری علاقوں میں 6سے8گھنٹے تک جبکہ دیہی علاقوں میں 10سے12گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی گئی جبکہ زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں اضافی لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔ کئی علاقوںمیں تقسیم کار کمپنیوں کا ترسیلی نظام بھی جواب دے گیا جس سے گھنٹوں بجلی بند رہی ۔دوسری جانب پانی کا بحران بھی بر قرار ہے ،کئی علاقوں میں لوگ پینے کے پانی کی بوند بوند کو بھی ترس گئے ہیں ، بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور پانی کی قلت کی وجہ سے عوام شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔ علاوہ ازیں لوڈ شیڈنگ میں گرمی کی شدت سے بچنے کے لئے نوجوان ، بچے اور فیملیاںنہر کنارے اور کھالوں پر پہنچ گئے ۔