اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )پی پی 217میں ضمنی انتخابات کا معرکہ ،زین قریشی کے مدمقابل ن لیگ نے کس کو ٹکٹ دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق پی پی 217 ضمنی انتخابات کیلئے پی ٹی آئی وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین محمود قریشی نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔
پنجاب میں ضمنی انتخابات میں امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لیے الیکشن کمیشن آفس آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق جہانگیر ترین گروپ کے شیخ سلمان نعیم کو مسلم لیگ ن کا ٹکٹ مل گیا ہے جس کے بعد انہوں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار زین محمود قریشی نے جنرل الیکشن میں قومی اسمبلی کا الیکشن جیتا تھا، جنرل الیکشن میں انہوں نے پیپلز پارٹی کے علی موسیٰ گیلانی کو شکست دی تھی۔تاہم سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد اراکین اسمبلی کے مستعفی ہوئے، اور پارٹی نے پی پی 217 کے ضمنی الیکشن کے لیے زین محمود قریشی ٹکٹ دیا ہے۔واضح رہے کہ پی پی 2018ء کے جنرل الیکشن میں پی پی 217 سے آزاد امیدوار شیخ سلمان نعیم نے پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی کو شکست دی تھی اور بعد میں پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔خیال رہے کہ شیخ سلمان نعیم جہانگیر ترین گروپ سے تعلق رکھتے تھے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن کے دوران انہوں نے پارٹی فیصلے کے برعکس میاں حمزہ شہباز کو ووٹ دیا تھا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں ڈی سیٹ کر دیا تھا۔دوسری جانب حکومتی اتحادیوں کے تحریک انصاف کے رہنماؤں سے پس پردہ رابطے کا انکشاف ہوا ۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے خورشید شاہ اور ن لیگ کی طرف سے مرتضیٰ جاوید عباسی نے رابطے کیے، یہ رابطے تحریک انصاف کے رہنماؤں شاہ محمود قریشی،
پرویز خٹک اور عامر ڈوگر سے کیے گئے،تحریک انصاف کو پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات میں نام دینے کی درخواست کی گئی،
تحریک انصاف کے رہنماؤں نے عمران خان کو پس پردہ رابطوں سے آگاہ کیا، عمران خان نے الیکشن کی تاریخ تک مذاکرات کی پیش کش پھر مسترد کر دی ۔
سابق وزیر اعظم نے کہاکہ رابطے آف دی ریکارڈ ہوں یا ان دی ریکارڈ حکومت الیکشن کی تاریخ دے، الیکشن کی تاریخ دے دیں پھر قومی اسمبلی میں واپسی اور کمیٹیوں کا حصہ بننے پر سوچا جا سکتا ہے