عبدالحکیم ( این این آئی ) روحانی بزرگ اور درویش عالم دین مولانا صوفی عائش محمد81 برس کی عمر میں وفات پاگئے مرحوم شاہ اسماعیل شہید کی تحریک جماعت مجاہدین کے امیر تھے۔ کینسر کے موذی مرض کا شکار تھے۔ سول ہسپتا ل فیصل آباد میں زیر علاج تھے۔
صوفی صاحب مستجاب الدعوات بزرگ تھے۔ ماموں کانجن اور کراچی میں دینی تعلیم کے ادارے چلارہے تھے۔ان کی وصیت تھی کہ میری قبر بالا کوٹ میں شاہ اسماعیل شہید کی قبر کے ساتھ بنائی جائی۔ا نکے قریبی ساتھی مولانا حافظ مقصود احمد کے مطابق انکی میت کی حالت ایسی نہیں کہ انہیں وہاں لے جایا جاسکے ڈاکٹرز نے اجازت نہیں دی۔مولانا عائش محمد 1941 میں بڈھیمال فیروز پور میں پیدا ہوئے۔ہجرت کے بعد وہ چک36 ستیانہ بنگلہ فیصل آباد میں سکونت پزیر ہوئے۔ ابتدائی دینی تعلیم اور صحیح بخاری حافظ محمد عبداللہ بڈھیمالوی، مولانا احمد اللہ بڈھیمالوی، مولانا عبداللہ ویروالوی مرحوم سے پڑھی۔ برصغیر کے معروف روحانی بزرگ صوفی عبداللہ کے بیعت یافتہ تھے۔ان کی وفات پر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجدمیر، ناظم اعلی سینیٹر حافظ عبدالکریم، حافظ ابتسام الٰہی ظہیر نے گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ مرحوم نیک اور مستجاب الدعوات شخصیت تھے۔ ان کی دینی، جہادی، تبلیغی اور فاہی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔