اسلام آباد(این این آئی)چیئرمین نیپرا نے یپرا میں فی یونٹ بجلی 3 روپے 15 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی سماعت کے دوران ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ میں اضافے پر نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کے حکام پر اظہارِ برہمی کیا ہے۔بدھ کو سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی
درخواست پر چیئرمین نیپرا کی زیرِ صدارت سماعت ہوئی۔نیپرا کی سماعت کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ کا معاملہ بھی زیرِ غور آیا۔چیئرمین نیپرا نے استفسار کیا کہ کیا وجہ ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑھ گئی ہے؟نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کے حکام نے جواب دیا کہ گرمی زیادہ بڑھ گئی ہے۔نیپرا حکام نے استفسار کیا کہ پاور پلانٹس کیلئے فیول کا انتظام کیوں نہیں کیا گیا؟نیشنل پاور کنٹرول سینٹر (این پی سی سی) کے حکام نے جواب دیا کہ گرمی بڑھنے سے بجلی کی طلب میں اضافہ ہوا۔چیئرمین نیپرا نے کہا کہ یہ کوئی جواز نہیں، دنیا اتنی ترقی کر گئی ہے، 3 ماہ بعد کے موسم کی پیشگوئی بھی آج با آسانی مل جاتی ہے۔نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کے حکام نے کہا کہ محکمہ موسمیات سے بھی پیش گوئی درست نہیں دی جاتی۔وائس چیئرمین نیپرا نے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسا جواب ہے، ہم 1970ء میں نہیں بیٹھے ہوئے۔وائس چیئرمین نیپرا رفیق شیخ نے کہا کہ آپ کو موسم کی پیش گوئی کا معلوم نہیں ہوتا؟ عوام پس رہے ہیں۔چیئرمین نیپرا نے این پی سی سی اور سی پی پی اے کو ہدایت کی کہ بجلی کی صورتِ حال بہتر بنائیں۔