لاہور( این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ گورنر پر لازم ہے کہ وہ آئین کی پاسداری کریں، وہ اپنے تئیں آئین کی تشریح کر رہے تھے جس کو عدالت نے غلط قرار دیا ہے، وزیراعلی کے انتخاب کے بعد حلف لینا لازم ہے،
گورنر پر لازم ہے کہ وہ عدالت کے حکم کے مطابق حلف برداری کی تقریب کرائیں۔لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اب صدر یا گورنر کے پاس کوئی راستہ نہیں بچا، وہ مزید آئین شکنی نہیں کر سکتے، گورنر پنجاب نے گورنر ہائوس کو سازشوں کا گڑھ بنارکھا ہے۔انہوںنے کہا کہ عدالت نے صدر پاکستان کو تاکید کی ہے کہ آئین کی پاسداری میں اپنا کردار ادا کریں، اگر آئین کی پامالی ہوگی اور قانون پر عملدرآمد نہیں کیا جائے گا تو عدالتوں کا رخ کریں گے، افسوسناک بات ہے ہائیکورٹ کے پچھلے حکم پر صدر مملکت نے عملدرآمد نہیں کیا،انہوںنے کہا کہ عدالت نے ہدایت کی ہے کل تک تقریب حلف برداری ہونی چاہیے، آج آئین کا بول بالا ہوا اور قانون کی عزت بحال ہوئی۔انہوںنے کہا کہ گورنر کو عہدے سے ہٹانے کی ایڈوائس بھیجی جا چکی ہے، عزت سے گھر چلے جائو۔