اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی آمد کے موقع پر دوران پرواز اجلاس کیا جس میں انہوں نے کراچی کو درپیش چیلنجز پر بریفنگ لی۔نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی کے ایک روزہ دورے کے موقع پر
دوران پرواز اجلاس کی صدارت کی جسمیں مفتاح اسماعیل سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں کراچی کے مسائل اور ملک کی معیشت سے متعلق غور کیا گیا اور وزیراعظم نے کراچی کو درپیش چیلنجز پر بھی بریفنگ لی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اس اجلاس کے منٹس بھی خود بنائے، اس موقع پر انہوں نے شرکا اجلاس سے کہا کہ پاکستان تیزی سے آگے بڑھے گا۔واضح رہے کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف آج بدھ13 اپریل کو کراچی کا ایک روزہ دورہ پر ہیں،کراچی میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اتحادی جماعتوں کے سربراہاں کے ہمراہ مزارِ قائد پر حاضری دیں گے،وزیر اعظم شہباز شریف کے مزارِ قائد کے دورے کا مقصد پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے قائد اعظم کے وضع کردہ سنہری اصولوں کی پیروی کا اعادہ کرنا ہے،اسکے بعد وزیرِ اعظم وزیرِ اعلی ہاؤس سندھ کا دورہ کریں گے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کی حکمتِ عملی کیلئے مشاورتی عمل کی صدارت بھی کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد بھی جانے کا امکان ہے۔