اسلام آباد (آن لائن ، این این آئی) عمران خا ن کے وزارت عظمی سے الگ ہونے کے بعد ان کیلئے سیکیورٹی مانگ لی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی سیکرٹری داخلہ کو خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کو کونسی سیکیورٹی ملتی ہے، آگاہ کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو وزارت عظمی سے الگ ہونے کے بعد سیکیورٹی کی نوعیت کیا ہو گی ۔مکمل سیکیورٹی جائزہ رپورٹ فراہم کی جائے۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی اپنے لیے سیکیورٹی مانگ لی، ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے، پولیس کے ساتھ رینجرز کی سیکیورٹی بھی دی جائے ۔ ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق دونوں خطوط کا جائزہ لے رہے ہیں، پروٹوکول کے مطابق سابق وزیراعظم کو سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔دوسری جانب قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے نتائج کا سرکلر صدر پاکستان کو بھجوا دیا ہے۔ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد کے نتائج پر مستعفی اسپیکر اسد قیصر نے دستخط کیے، اسد قیصر قومی اسمبلی سے روانگی سے پہلے زرلت شیٹ پر دستخط کر کے گئے۔ذرائع قومی اسمبلی سکرٹریٹ کے مطابق ووٹنگ کے نتائج مکمل ہونے پر صرف نتائج کا اندراج کیا گیا۔
رولز کے تحت تحریک عدم اعتماد کے نتائج فوری طور پر صدر کو بھجوانا ضروری ہیں۔ذرائع کے مطابق صدر پاکستان کی منظوری سے تحریک عدم اعتماد کی منظوری کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہو گا، صدر کی منظوری سے نوٹیفکیشن سیکرٹری قومی اسمبلی جاری کرے گا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن کی جانب سے عمران خان کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد 174 ووٹوں سے کامیاب ہو گئی تھی۔