اسلام آباد(آئی این پی، این این آئی)تحریک انصاف کے منحرف سابق ارکان قومی اسمبلی نے اپنے موبائل فون بند کر دیئے،مبینہ طور پر لین دین کرنے والے ارکان کے ضمانتیوں سے رابطے کیے جارہے ہیں،کیش کی صورت میں رقم وصول کرنے والے کے خلاف قانونی کارروائی کے
لیے ٹھوس شواہد نہیں ہوتے۔سیاسی زرائع کے مطابق اتوار کو تحریک عدم اعتماد مسترد کیے جانے کے بعد سیاسی صورتحال اچانک تبدیل ہو گئی اور مبینہ طور پر جو منحرف اراکین پیسے کی لین دین میں ملوث تھے وہ پریشانی کی حالت میںچپکے سے نکل لیے اور واپس سندھ ہائوس نہیں گئے اور فون بند کردیئے ،زرائع کا کہنا ہے کہ ان اراکین کو یہ پریشانی لاحق ہو گئی ہے کہ کہیں ادا شد ہ پیسے واپس نہ مانگ لیے جائیں۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنی ہنستی مسکراتی ہوئی تصویر شیئر کردی۔قومی اسمبلی کے ہونے والے ہنگامہ خیز اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ نہیں کرائی اور اسے آئین کے منافی قرار دے کر تحریک عدم اعتماد کو مسترد کردیا۔قومی اسمبلی کے اجلاس کے فوراً بعد وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز ارسال کی اور کہا کہ قوم عام انتخابات کی تیاری کرے۔وزیراعظم عمران خان نے خطاب کے بعد اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر اپنی ایک ہنستی مسکراتی ہوئی تصویر شیئر کرائی ہے تاہم انہوں نے تصویر کے ساتھ کوئی پیغام نہیں لکھا۔