اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کی میزبانی میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس (آج) منگل کو پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں شروع ہو گا، دو روزہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر، مسلم امہ کو درپیش معاشی، سیاسی اور ثقافتی چیلنجز کیساتھ اسلامو فوبیا کے حوالے سے بھی غورکیا جائے گا، کانفرنس میں 150 سے زائد قراردادیں منظور ہونے کا امکان ہے۔پاکستانی کی میزبانی میں 48 ویں او آئی سی وزرائے
خارجہ اجلاس میں حجاب ، مسئلہ کشمیر، پاکستان، بھارت امن عمل، کورونا، اسلامو فوبیا، مسلم اقلیتوں کے مسائل، افغانستان کی صورتحال سرفہرست ہوں گے، او آئی سی کی ازسرنو تشکیل اور چارٹر کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ افغانستان، او آئی سی اجلاس میں خصوصی انتظام کے تحت شرکت کرے گا جبکہ شام کی رکنیت تاحال معطل ہے۔ افغانستان کی صورتحال پر نمائندہ خصوصی کی رپورٹ پیش کی جائے گیخ افغانستان میں او آئی سی کا غیرفعال دفتر بھی کھول دیا گیا ہے۔او آئی سی سیکرٹری جنرل کی جانب سے حریت رہنماوں میر واعظ عمر فاروق، نصرت عالم اور دیگر کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی تاہم بھارت کی جانب انہیں پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ او آئی سی نے پاکستان میں موجود غلام محمد صفی، سید فیض حسین اور صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کو بھی دعوت دی ہے۔او آئی سی اجلاس کے دوران رابطہ گروپ برائے کشمیر کا وزرائے خارجہ سطح کا اجلاس بھی ہو گا اور رابطہ گروپ کا اپنا اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ اجلاس میں 15 ممالک بحیثیت مبصر یا خصوصی حیثیت میں شرکت کریں گے، اب تک او آئی سی وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے 675 مبصرین نے تصدیق کر دی ہے۔ معاشی، معاشرتی، سیاسی، ثقافتی، قانونی امور بھی وزارتی کونسل اجلاس میں دیکھے جائیں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق او آئی سی وزراء خارجہ اجلاس کا تھیم اتحاد ، انصاف اور ترقی رکھا گیا ہے،او آئی سی رکن ممالک کے وزراء خارجہ اور مبصر ممالک کے اعلی سطحی نمائندے شرکت کریں گے۔ ترجمان کے مطابق مہمان 23 مارچ کی پریڈ کے مہمان خصوصی ہوں گے،چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی بطور خصوصی مہمان شریک ہوں گے ،او آئی سی غیر رکن ممالک , اقوام متحدہ ، عرب لیگ اور گلف کوآپریشن کے سینئر نمائندگان بھی کانفرنس میں شریک ہوں گے،او آئی سی اجلاس میں 100قراردادیں منظور کی جائیں گی،وزیر اعظم 22 مارچ کو افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ ترجمان کے مطابق مسلم امہ کے مسائل پر گفتگو کیلئے او آئی سی اہم فورم ہے،او آئی سی اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کا اجلاس بھی ہو گا،وزراء خارجہ اجلاس میں او آئی سی کے 17ویں ہنگامی اجلاس کے فیصلوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ترجمان نے کہاکہ وزیر خارجہ او آئی سی اجلاس کی صدارت کریں گے۔