بیجنگ(شِنہوا)ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ مریخ کی جس جگہ پر چین کا روور ژورونگ اترا ہے وہاں ہوا اور ممکنہ طور پر پانی کے کٹاؤکے واقعات رونما ہوئے ہوں گے، جو سرخ سیارے کی سطح کی خصوصیات کے بارے میں مزید ثبوت فراہم کرتے ہیں۔
رواں ہفتے نیچر جیو سائنس نامی جریدے میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں ژورونگ کی جانب سے مریخ کے پہلے 60دنوں میں جمع کیے گئے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا، جس کے دوران اس نے تقریبا 450میٹر کا سفر کیا۔چین کے ہاربن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے محققین کی ٹیم نے ڈنگ لیانگ کی سربراہی میں روور کے کیمروں کے ذریعے لی گئی چٹانوں کا مطالعہ کرنے کے بعد اس بات کا مشاہدہ کیا کہ مریخ کی مٹی میں ہوا کے کٹاؤ کے اثرات اورنشانات کے ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے سرخ سیارے کی سطح پرپہاڑوں، لہروں اور کٹے ہوئے گڑھوں کی بناوٹ کابھی مشاہدہ کیا ، جو اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ یہ جگہ طویل عرصے سے ہوا کی موجودگی کی وجہ سے موسمی اثرات کی زد میں رہی ہے۔تحقیق کے مطابق ہوا کے کٹا ؤکے علاوہ، محققین نے کچھ چٹانوں کی ساخت کا بھی مشاہدہ کیا جن کے نمکین پانی کے ساتھ تعامل کا ثبوت ملتا ہے۔چین کامریخ پر موجود روور شمسی توانائی سے چلنے والا چھ پہیوں والا روبوٹ ہے جس کا وزن 240کلوگرام ہے۔ اس کی متوقع عمر کم از کم 90مریخی دن ہے، جو زمین پر تقریبا تین ماہ کے برابر ہے۔