اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام کیلئے ایک بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے،عمران خان کی مسلسل جستجو ہے پاکستانی عوام کی زندگی میں کیسے بہتری لائی جائے۔ منگل کو ایک ٹوئٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے عوام کیلئے بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے،ریلیف پیکیج کے تحت نوجوانوں کیلئے
سہولیات ، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں خصوصی مراعات ، احساس پروگرام کی مد میں مالی معاونت میں مزید اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی مسلسل جستجو ہے کہ پاکستانی عوام کی زندگی میں کیسے بہتری لائی جائے۔ اسد عمر نے ٹوئٹ میں وزیراعظم کے گزشتہ روز قوم سے خطاب کے اہم نکات کے حوالے سے ایک تصویر بھی شیئرکی جس میں کہا گیا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 10 روپے کمی ، بجلی کی قیمت میں 5 روپے فی یونٹ کمی ، احساس پروگرام کے تحت 14ہزار روپے فی کس کی تقسیم شامل ہے۔مزید برآں وزیراعظم نے اپنے خطاب میں 26 لاکھ طالب علموں کے لئے 38 ارب روپے کی سکالر شپس کے ساتھ ساتھ آئی ٹی سیکٹر کی کمپنیوں کیلئے ٹیکسوں میں 100فیصد کمی، ڈیڑھ لاکھ بے روزگار گریجوایٹس کیلئے 30ہزار روپے انٹرن شپ پروگرام ، مارچ کے اختتام تک پنجاب کی تمام 11کروڑ سے زائد آبادی کیلئے صحت کارڈ کا اجرا اور آئندہ دوسال میں کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت نوجوانوں کیلئے 407ارب روپے کے سستے قرضے بھی شامل ہیں۔