اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی) یوکرائن میں پولینڈ کی سرحد پر پاکستانی طلبا 48 گھنٹے سے شدید سردی میں کھلے آسمان تلے کھڑے ہیں اور پولینڈ میں داخلے کا انتظار کر رہے ہیں ۔ نجی ٹی وی نیو نیوز کے مطابق پولینڈ کی سرحد پر موجود پاکستانی طالب علم عدیل احمد کے مطابق وہ کئی گھنٹے سے اپنے دیگر 5 ساتھیوں کے ہمراہ لائن میں کھڑے اپنے نمبر کا انتطار کر رہا ہے۔
بارڈر پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ موجود ہیں جو پولینڈ میں داخلے کے منتظر ہیں۔عدیل احمد کا کہنا تھا کہ ہمیں سخت سردی میں لائنوں میں انتظار کرنا پڑ رہا ہے لائن نہیں چھوڑ سکتے کہ اس طرح ہمیں پھر پچھے جانا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ اپنے ساتھ ہاتھ میں جو کھانے پینے کا سامان رکھا تھا وہ ختم ہوگیا ہے اور ہمیں لگ رہا ہے کہ آئندہ چند گھنٹے میں پولینڈ کی سرحد پر مزید لوگ جمع ہوجائیں گے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ کچھ لوگوں نے یوکرین میں شادیاں کی ہیں وہ وہاں رہنا چاہتے ہیں، انہیں زبردستی واپس نہیں لائیں گے،جو یوکرین سے واپس آنا چاہتا ہے ان کی پوری مدد کریں گے، سندھ پولیس کی موبائل اور میونسپل گاڑیاں مارچ کے لیے استعمال ہو رہی ہیں، ہر میونسپل کمیٹی سے مارچ کے3،3لاکھ لیے گئے ہیں۔جیکب آباد میں پی ٹی آئی کے سندھ حقوق مارچ کی روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بلاول پنجاب جاسکتے ہیں توکیا میں سندھ نہیں آسکتا۔انہوں نے کہاکہ آج ہم لاڑکانہ پہنچیں گے اور اپنی بات کریں گے، میں آج پوچھنے آیا ہوں سندھ کا خزانہ کیوں خالی ہوگیا؟ اسی کا حساب لینے آئے ہیں۔ سندھ حکومت اپنی ناکامیوں کو وفاق پر ڈالنا چاہتی ہے، قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے کہاکہ اسلام آباد جانے والے ہر کارکن کو 30 ہزار روپے دیئے گئے ہیں، پیپلز پارٹی لانگ مارچ کیلئے تین تین لاکھ روپے ٹائون کمیٹی سے لیے گئے ہیں،یہ عوامی حقوق پر ڈاکہ ہے، اس کے دفاع کے لئے نکلے ہیں۔انہوں نے کہاکہ قوم تیار ہو جائے، وزیراعظم آج دل کی بات کریں گے، کھل کر بات کریں گے، وہ جانتے ہیں یہ ایک ٹولہ جمع ہوگیا ہے۔وزیر خارجہ نے کہاکہ وزیراعظم تجدید عہد کیلئے دیگر صوبوں کی طرح سندھ بھی آنے والے ہیں، لاڑکانہ کی انتظامیہ میں سوجھ بوجھ ہے تو وہ ہمارے قافلے کو نہیں روکے گی،اگر کوئی رکاوٹ ڈالی گئی تو توڑ دیں گے، ہم نے پنجاب میں پیپلز پارٹی کے قافلے کو نہ روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ آصف زرداری اور عمران خان آمنے سامنے بیٹھ جائیں،عمران خان ساڑھے تین سال کا حساب دیں گے،
زرداری بھی 15سال کا حساب دیں۔یوکرین میں پھنسے پاکستانی طلبا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے بتایا کہ ہمارے 3 ہزار طالب علم وہاں موجود ہیں، ہم نے طالبعلموں سے رابطہ کیا، کچھ محفوظ جگہ پر پہنچ گئے، کچھ طالب علم نئے تھے، یونیورسٹی میں داخلہ ہورہا تھا، کاغذات مکمل نہیں تھے، ہم نے طالب علموں کو کہا تھا مغربی یوکرین منتقل ہوجائیں۔دفتر خارجہ نے رومانیہ،
ہنگری اور پولینڈ سیمدد کی درخواست کی ہے،یوکرین کے وزیر خارجہ سے طالبعلموں کے محفوظ انخلا کی بھی بات ہوئی ہے،یوکرینی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ کراسنگ پوائنٹ چوک ہوچکے ہیں، وہ پڑوسیوں سے کراسنگ پوائنٹ پر بات کررہے ہیں۔شاہ محمودقریشی نے بتایا کہ یوکرین کے وزیرخارجہ کاکہنا ہے کہ طالبعلم مغربی یوکرین میں رہیں جو پرامن ہے۔انہوں نے کہاکہ کچھ لوگوں نے یوکرین میں شادیاں کی ہیں وہ وہاں رہنا چاہتے ہیں، جو یوکرین سے واپس آنا چاہتا ہے ان کی پوری مدد کریں گے۔